12 فروری ، 2024
ترجمان جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ پارٹی کی الیکشن کمیشن کے صدر نے نئے امیر کے انتخاب اور اراکین کی رہنمائی کیلئے 3 ناموں کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان قیصر شریف کے مطابق جماعت اسلامی کے نئے امیر کیلئے اعلان کردہ 3 ناموں میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں، اراکین ان 3 کے علاوہ بھی کسی رکن کے امیر کے منصب پر انتخاب کیلئے اپنی رائے دے سکتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ امیرجماعت کے انتخاب کے تمام مراحل 31 مارچ 2024 تک مکمل کیے جائیں گے، اپریل میں صدر الیکشن کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی میں دستور کے مطابق ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، امیر جماعت اسلامی کا انتخاب ہر 5 سال بعد دستور کے مطابق ہوتا ہے۔