Time 15 فروری ، 2024
پاکستان

جس نے ایم کیو ایم کو کراچی پر مسلط کیا اس نے دہشتگردی کو فروغ دیا: حافظ نعیم

عوام نے نکل کر ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا، جو عوام کا فیصلہ ہے اس کو قبول کرنا چاہیے: امیر جماعتِ اسلامی__فوٹو: فائل
 عوام نے نکل کر ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا، جو عوام کا فیصلہ ہے اس کو قبول کرنا چاہیے: امیر جماعتِ اسلامی__فوٹو: فائل

امیر جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں طاقت کے زور پر نتیجہ دیا گیا اور  آر او نے لکھا ہوا نتیجہ سنا دیا جس نے ان کو مسلط کیا اس نے دہشتگردی کو فروغ دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں کراچی کے طلبہ سے زیادتی کی گئی، طلبا کو انتہائی کم پرسنٹیج دی گئی، طلبہ کے احتجاج پر وزیراعلیٰ کی جانب سے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی، کمیٹی رپورٹ میں بھی یہ بات واضح کی گئی کہ کراچی کےنوجوانوں کے ساتھ زیادتی ہوئی۔

حافظ نعیم نے کہا کہ نومبر دسمبر میں نصاب چھپ کر  آیا،تین چار مہینے طلبہ کو تیاری کے لیے ملے، اساتذہ اور طلبہ کے لیے وقت نہیں تھا کہ پڑھ سکیں یا پڑھا سکیں، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے نصاب ایک ہیں لیکن امتحان الگ ہیں،کراچی کے پرچے مشکل بنائے گئے حالانکہ ہونا تو یہ چاہیے کہ صوبے بھر میں ایک ہی پیپر ہو۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی چیکنگ ٹھیک نہیں ہوئی،کرپٹ افسران تمام تر ذمہ دار  ہیں، اگرصرف گریس مارکس کے تحت رزلٹ اناؤنس ہو تو کراچی کے بچوں کی حق تلفی ہوگی۔

امیر جماعتِ اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کراچی کے تمام نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے اور بارہویں جماعت کا امتحان دوبارہ لیا جائے۔

الیکشن کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ الیکشن میں طاقت کے زور پر نتیجہ دیا گیا، آر او نے لکھا ہوا نتیجہ سنایا، انہیں پتہ نہیں تھا کچھ لوگ اس معاملے پر کھڑے ہو جائیں گے، عوام نے نکل کر ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا، جو عوام کا فیصلہ ہے اس کو قبول کرنا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو کراچی کے لوگوں نے مسترد کر دیا ہے، جس نے ان کو مسلط کیا اس نے دہشتگردی کو فروغ دیا ہے، ایسی پارٹی جس نے بھتہ خوری کی، لوگوں کو فیکٹری میں جلایا، ان کو ہم پرمسلط کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پچھلے دنوں حافظ نعیم الرحمان نے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر سندھ اسمبلی کی جیتی ہوئی سیٹ چھوڑنے کا اعلان کر دیا تھا اور کہا تھا کہ اس نشست پر پی ٹی آئی کا امیدوار جیتا ہے لہذا میں یہ نشست نہیں لوں گا کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔

مزید خبریں :