16 فروری ، 2024
خیبرپختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ امین علی گنڈا پور کی زیر صدارت اجلاس میں مجوزہ فارمولے کے تحت وزارتیں تقسیم کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔
خیبرپختونخوا متوقع کابیینہ مجوزہ فارمولا کے تحت بنانے کی کوششیں جاری ہے ۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کی تشکیل ڈویژنل وائز فارمولے کے تحت ہوگی ۔ وزیراعلیٰ کا منصب ڈی آئی خان،اسپیکر کا عہدہ صوابی کے حصے میں آچکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ میں 15 وزرا اور 5 مشیرلیے جانے کا امکان ہے۔ پہلے مرحلے میں 10 معاونین خصوصی بھی مقرر کیے جائیں گے۔ حتمی انتخابی نتائج آنے تک تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کو مشیرلیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق تیمورسلیم جھگڑا کو مشیر صحت، شکیل خان کو ریونیو اورمشتاق غنی کو تعلیم کے قلمدان دیے جانے پر گفتگو ہوئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کامران بنگش کو اسپورٹس ، عارف احمد زئی کو معدنیات ، خلیق الرحمان کو ایکسائز کے محکمے دیے جائیں گے ۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق ملاکنڈ ڈویژن سے ملک لیاقت علی کو کابینہ میں زراعت کا محکمہ دیا جا سکتا ہے ۔کابینہ میں پارٹی کے سینیئر ارکان کو بھی شامل کرنے پر اتفاق ہوا۔