24 فروری ، 2024
درآمد شدہ آسٹریلوی چنے کی غیرقانونی کلیئرنس میں ملوث پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے 3 افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل ڈائریکٹر کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کے مطابق آسٹریلوی درآمد شدہ چنے کی غیر قانونی کلیئرنس میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون کیا گیا جس کے تحت پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے 3 افسران کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ضامن انٹرپرائزز نامی درآمد کنندہ فرم نے دھوکا دہی سے آسٹریلوی درآمد شدہ چنے کی غیر قانونی طریقے سے کلیئرنس کروائی، ملزم نے پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے حکام کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر مذکورہ کنسائنمنٹ کلیئر کرائی۔
حکام کے مطابق پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے کراچی پورٹ سے مذکورہ کنسائنمنٹ کی کلیئرنس کے لیے ریلیز آرڈر جاری کیا، کنسائنمنٹ مکمل طور پر مضر صحت اور انسانی استعمال کے لیے انتہائی غیر موزوں تھی، مذکورہ کنسائنمنٹ کو پاکستان پلانٹ قرنطینہ رولز 2019 کے لازمی تقاضوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے کلیئر کیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے ماہرین زراعت ولید مختار، شہزاد سلمان اور ڈائریکٹر قرنطینہ قاسم کاکڑ کو گرفتار کر لیا گیاجب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔