Time 29 فروری ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کے آئی ایم ایف کو خط کا کیا اثر ہوگا؟ معاشی ماہرین کی رائے جانیے

پی ٹی آئی اس سے پہلے کئی بار آئی ایم ایف کو خط لکھ چکی لیکن نتیجہ صفر رہا ہے: مفتاح اسماعیل/ فائل فوٹو
پی ٹی آئی اس سے پہلے کئی بار آئی ایم ایف کو خط لکھ چکی لیکن نتیجہ صفر رہا ہے: مفتاح اسماعیل/ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط پر معاشی ماہرین نے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے معاہدے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، آئی ایم ایف معاشی اصلاحات کو دیکھتا ہے نہ کہ اندرونی سیاست کو، پی ٹی آئی اس سے پہلے کئی بار آئی ایم ایف کو خط لکھ چکی لیکن نتیجہ صفر رہا ہے۔

دوسری جانب معاشی ماہر محمد یاسین نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر منفی سیاست کا ثبوت دیا ہے، آئی ایم ایف کو خط لکھنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

نائب صدر لاہور چیمبر عدنان بٹ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف حکومت اور ریاست سے معاہدے کرتا ہے، آئی ایم ایف جنرل ضیاء اور جنرل مشرف سے بھی معاہدے کر چکا ہے اس لیے آئی ایم ایف کو خط لکھنا بے سود ہے، اس پر پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں آواز اٹھائے۔

معاشی ماہر منور صابر نے کہا کہ آئی ایم ایف کا فارم 45 یا 47 سے کیا لینا دینا، آئی ایم ایف بورڈ میں امریکا اسٹیک ہولڈر ہے جس پر بانی پی ٹی آئی الزام لگا چکے ہیں، آئی ایم ایف سے نئی حکومت کامیاب ڈیل کر لے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو خط بھیجنے کی تصدیق کی گئی تھی جس میں آئندہ بیل آؤٹ پیکج کے وقت پاکستان کے سیاسی استحکام کو مد نظر رکھنے کی درخواست کی گئی تھی۔

مزید خبریں :