ٹیلی گرام صارفین بھی اب اس پلیٹ فارم سے پیسے کما سکیں گے

ٹیلی گرام کے بانی نے یہ اعلان کیا / فائل فوٹو
ٹیلی گرام کے بانی نے یہ اعلان کیا / فائل فوٹو

مقبول میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے صارفین جلد اس پلیٹ فارم سے پیسے کما سکیں گے۔

ٹیلی گرام کے چیف ایگزیکٹو اور بانی Pavel Durov نے مارچ 2024 میں مسیجنگ ایپ میں ایڈ (ad) پلیٹ فارم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

اس پلیٹ فارم سے ٹیلی گرام چینلز چلانے والے صارفین کو پیسے کمانے میں مدد مل سکے گی۔

کمپنی کی جانب سے یہ معاوضہ ٹون (TON) بلاک چین کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔

چینلز پر اشتہارات دکھائے جانے پر صارفین کو آمدنی کا 50 فیصد حصہ ملے گا۔

خیال رہے کہ ٹیلی گرام چینلز میں صارفین اپنے پیغامات بہت زیادہ افراد کے لیے پوسٹ یا براڈ کاسٹ کرتے ہیں۔

Pavel Durov نے بتایا کہ مارچ میں ٹیلی گرام ایڈ پلیٹ فارم کو لگ بھگ سو سے زائد ممالک کے صارفین کے لیے کھولا جائے گا جس سے انہیں اپنے مواد پر کمانے میں مدد ملے گی۔

فی الحال صارفین کے ساتھ آمدنی تقسیم کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

ٹیلی گرام کے بانی کے مطابق آمدنی کے تقسیم کے عمل کو تیز رفتار اور محفوظ بنانے کے لیے ہم ٹون بلاک چین کو استعمال کریں گے۔

یوٹیوب اور ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) جیسے پلیٹ فارمز بھی صارفین کے ساتھ اشتہاری آمدنی شیئر کرتے ہیں۔

یوٹیوب کی جانب سے اشتہاری آمدنی کا 55 فیصد حصہ صارفین سے شیئر کیا جاتا ہے جبکہ ایکس کی جانب سے جولائی 2023 سے یہ سلسلہ شروع کیا گیا۔

میٹا کی جانب سے بھی ریلز صارفین کے ساتھ اشتہاری آمدنی شیئر کرنے کے لیے ایک نئے ماڈل کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ٹیلی گرام کے دنیا بھر میں 80 کروڑ سے زائد ماہانہ صارفین ہیں۔

مزید خبریں :