03 مارچ ، 2024
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی جارڈن کاکس نے کہا ہے کہ پچھلے سال لاہور قلندرزکے ساتھ ٹرافی جیتی تھی، اس مرتبہ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے یہی کارنامہ سرانجام دینا ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں اپنا ٹائم انجوائے کررہا ہوں، ٹیم بہترین ہے، مائیک ہیسن بہترین کوچ ہیں، ان کے ساتھ کام کرکے مزہ آرہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ہونے والے میچوں میں ٹیم اچھے نتائج کیلئے پر امید ہیں، راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ناقابل یقین سپورٹ ملتی ہے، امید ہے کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پنڈی میں اسٹیڈیم ہاؤس فل ہوگا۔
جارڈن کاکس کا کہنا تھا کہ میرے لیے ذاتی ریکارڈ سے زیادہ اہم ٹیم کی جیت ہے، ٹیم میں میرا کردار ایک فنشر کا ہے کوشش ہوتی ہے اس کو بخوبی نبھاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ میں اعلیٰ معیار کا مقابلہ ہوتا ہے، پی ایس ایل میں مقابلے کا معیار آئی پی ایل جیسا ہی ہے، پاکستان سپر لیگ میں اپنے کھیل کو مزید نکھارنے کی کوشش ہوگی۔
جاڈن کاکس کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے یہاں ٹاپ پلیئرز کے ساتھ کھیلنا بڑی بات ہے، مقامی کرکٹرز کا ٹیلنٹ کافی زبردست ہے، یہاں کے نوجوان کرکٹرز بہت تیزی سے سیکھنے کا عمل مکمل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا سب سے بڑا ہدف انگلینڈ کیلئے کھیلنا ہے لیکن ابھی اس دوڑ میں شامل نہیں ہوں، مجھے ابھی اپنا گیم اور بھی بہتر کرنا ہے پھر اس دوڑ میں شامل ہوجاؤں گا۔