پاکستان
26 جنوری ، 2013

ایم کیوایم آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے حصہ لے گی،الطاف حسین

 ایم کیوایم آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے حصہ لے گی،الطاف حسین

لاہور…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم آئندہ انتخابات میں پورے ملک سے بھرپور اندازمیں حصہ لے گی اور پنجاب سے ہرنشست پر اپنے امیدوارکھڑے کرے گی۔ علیحدہ صوبہ کاقیام جنوبی پنجاب کے عوام کادیرینہ مطالبہ ہے اورایم کیوایم جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ یہ بات انہوں نے لاہورمیں پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل ، لاہورزونل کمیٹی اور رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبہ جنوبی پنجاب کے قیام کی کوششوں کو تیز کرنے، پنجاب میں تنظیم سازی ،تنظیمی اسٹرکچرکی تشکیل نواور آئندہ انتخابات میں امیدواروں کے چناوٴ سمیت دیگرتنظیمی امورپر تفصیلی غورخوض کیا گیا اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا،اور ایک قراردادکے ذریعے پنجاب خصوصاً لاہور میں امن وامان کی روزبروزبگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کااظہارکیاگیا۔اجلا س میں متفقہ طورپر طے کیا گیا کہ ایم کیوایم آئندہ انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی اور پنجاب سے ہر نشست پر اپنے امیدوا رکھڑے کرے گی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کو اسکے قیام کے دن سے آج تک انگنت مسائل ومشکلات اورسازشوں کا سامنا رہا ہے ۔ جب جب ایم کیوایم نے پنجاب ، خیبرپختونخوا اورملک کے دیگرحصوں میں اپنے پیغام اور نظریئے کو پھیلانے کا عمل کیا تو سازشی عناصر نے طرح طرح سے سازشیں کیں،کبھی فسادات کرائے، میڈیاکے ذریعے طرح طرح کے زہریلے پروپیگنڈے کرکے ایم کیوایم کاامیج خراب کرنے اورعوام کوایم کیوایم سے متنفرکرنے کی کوششیں کیں ۔ہم کرپٹ سیاسی کلچراور موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں ، ہماری جدوجہد کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں ، ہم پاکستان کی سلامتی وبقاء کو یقینی بناکر ملک وقوم کو ترقی وخوشحالی کی راہ پرگامزن کرنا چاہتے ہیں، مجھے صدارت یا وزارت عظمیٰ کا منصب نہیں چاہئے ، صرف پاکستان کا فرسودہ نظام تبدیل کرنا چاہتا ہوں اورپاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال  کے وژن کے مطابق ایک صحیح جمہوری مملکت بنانا چاہتا ہوں اوراس مقصدکیلئے گزشتہ 22 سال سے جلاوطنی کی کربناک زندگی گزار رہا ہوں۔انھوں نے سینٹرل ایگزیکٹوکونسل پر زور دیا کہ وہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ان علاقوں کی سماجی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے تنظیمی سیٹ اپ کی تشکیل نوکرے اور آئندہ انتخابات کیلئے صوبہ پنجاب سے امیدواروں کی فہرست بھی مرتب کریں۔انہوں نے ملک بھر کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ اسلام آباد میں دفتر کیلئے بھرپورمالی تعاون کریں ،انھوں نے سینٹرل ایگزیکٹوکونسل کے رکن اور سابق قومی کرکٹر سرفراز نواز کی علالت پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور ان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔


مزید خبریں :