پولارڈ کی وکٹ لینا خواہش تھی جو اس پی ایس ایل میں پوری ہوئی: ابرار احمد

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر ابرار احمد نے کہا ہے کہ کیرون پولارڈ کی وکٹ لینا ان کی خواہش تھی جو اس پی ایس ایل میں پوری ہوگئی۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ بطور کرکٹر کچھ حاصل کرنے کی ان کی بھوک ختم نہیں ہوتی، پولارڈ کو آؤٹ کرکے اچھا لگا تھا کیوں کہ وہ اسپنرز کو اچھا کھیلتے ہیں جب کہ اے بی ڈی ویلیئرز کو آؤٹ کرنے کی خواہش تھی مگر وہ کرکٹ چھوڑ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اب تک کی کارکردگی سے خوش نہیں ہیں، ان کی کوشش ہے کہ وہ بہتر پرفارمنس دیں اور ٹیم کو فائنل جتوائیں۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کے اسپنرز اچھے ہیں اس لیے تینوں کو کھلایا جارہا ہے،  انہیں اور عقیل حسین کو پاور پلے میں نیا گیند کرانے کو کہا گیا ہے، نئے گیند سے اسپن کرانا ایک چیلنج ہوتا ہے لیکن چیلنج لے کر ہی مزہ آتا ہے۔

کرکٹر نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی بولرز کے لیے مشکل ہے لیکن اچھی بولنگ کریں تو کامیابی ملتی ہے، ورلڈکپ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، خواہش ہے کہ اچھی پرفارمنس دےکر ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بنوں۔

مزید خبریں :