07 مارچ ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما مشتاق غنی صوبائی اسپیکر شپ کے بعد صوبائی وزارت سے بھی محروم رہ گئے۔
ذرائع کے مطابق توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ انہیں صوبائی کابینہ میں سینیئر وزیر بنایا جائے گا مگر علی امین گنڈا پور کی گزشتہ روز حلف لینے والی کابینہ میں ان کو شامل نہیں کیا گیا اور انہیں وزیر بھی نہیں بنایا گیا۔
ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر ایوب، اسد قیصر اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کے پی علی اصغر خان نے مشتاق غنی کو وزیر بننے میں رکاوٹیں ڈالیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ پارٹی پر مشکل وقت پڑا تو مشتاق غنی بیرون ملک چلے گئے تھے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے مشیر محمد علی سیف نے جیو نیوز کو بتایا کہ مشتاق غنی کو بعد میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا کی 15 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، حلف اٹھانے والوں میں ارشد ایوب، شکیل احمد، فضل حکیم خان ، محمد عدنان ،عاقب اللہ، محمد سجاد، مینا خان،فضل شکور، نذیر احمد عباسی، پختون یار، آفتاب عالم، خلیق الرحمان، سید قاسم علی شاہ ،فیصل خان ترکئی اور محمد ظاہر شاہ طورو شامل ہیں۔