27 جنوری ، 2013
قاہرہ… مصری عدالت کی جانب سے گزشتہ سال فٹبال اسٹیڈیم ہنگامہ میں ملوث 21 ملزمان کو سزائے موت سنانے کے بعد ملک بھر میں تشدد کے واقعات اور ہنگامہ آرائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔ ہفتے کے روز قاہرہ میں عدالت کی جانب سے فٹبال اسٹیڈیم ہنگامہ میں ملوث 21 ملزمان کو سزائے موت سنانے کے بعد مصر کے مختلف شہروں پورٹ سعید،قاہر ہ اور سوئز میں مظاہرے شروع ہوگئے،سب سے زیادہ پر تشدد مظاہرے پورٹ سعید میں ہوئے جہاں امن وامان قائم کرنے کیلیے فوج کو طلب کرلیا گیا،قاہرہ میں عدالت کے احاطے میں بھی ملزمان اور مقتولین کے رشتہ داروں میں جھڑپیں ہوئی، پورٹ سعید میں سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ پر تشدد واقعات اور ہنگامہ آرائیوں میں 32 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہیں،سیکیورٹی حکام کا کہناتھا کہ زخمیوں کو فوجی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سال سعید نامی شہر میں فٹبال میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے حامیوں کے درمیان لڑائی کے بعد ہنگامہ میں 74 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ہفتے کے روز اسی مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے 21 ملزمان کو سزئے موت سنادی ہے۔