کھیل
Time 07 مارچ ، 2024

پی ایس ایل: اسلام آباد یونائیٹڈ نےکراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

فوٹو: پی ایس ایل
فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9  کے 24 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو با آسانی 5 وکٹوں سے شکست دے کر 2 قیمتی پوائنٹ حاصل کرلیے۔

پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں آج 2 تبدیلیاں کی گئیں جبکہ کراچی کنگز نے آج کے میچ کے لیے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

کراچی کنگز کی اننگز

کراچی کنگز  نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20  اوور میں 7 وکٹ پر 150 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے کیرون پولارڈ  نے 39 اور جیمز ونس نے 29 رنز کی اننگز کھیلی، ٹم سیفرٹ  نے26 اور شان مسعود نے 10 رنز  بنائے۔

ان کے علاوہ محمد نواز  5 اور  شعیب ملک ایک رن  بناسکے، عرفان خان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز  نے 3 اور فہیم اشرف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حنین شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز

151 رنزکا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے با آسانی 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان 34 اور آغا سلمان نے 33 رنزکی اننگز کھیلی، الیکس ہیلز 18،کولن منرو اور اعظم خان نے 9 ،9 رنز بنائے۔حیدر علی 26 اور فہیم اشرف 12 رنز کےساتھ ناقابل شکست رہے۔

کراچی کی جانب سے  میر حمزہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔موزا ربانی اور زاہد محمود نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، اسلام آباد، کوئٹہ اور  پشاور 9،9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ،تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہے۔

کراچی 8 میچز کھیل کر 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور لاہور قلندرز کا 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر ہے۔ 

مزید خبریں :