Time 08 مارچ ، 2024
پاکستان

ایم کیو ایم کا صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو ووٹ دینےکا اعلان

فوٹو:@MediaCellPPP
فوٹو:@MediaCellPPP

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو ووٹ دینےکا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی جس میں ایم کیوایم  نے صدارتی الیکشن میں آصف زرداری کو  ووٹ دینےکی حامی بھری۔

بعد ازاں  پیپلزپارٹی کا وفد ایم کیوایم  سے ووٹ مانگنے خالد مقبول صدیقی کی رہائش گاہ پہنچا، وفد میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے جب کہ ن لیگ کے رہنما بھی ملاقات میں شامل تھے۔

وفد سے ملاقات کے بعد خالد مقبول صدیقی نے صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو ووٹ دینےکا اعلان کیا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ  ہم صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کی حمایت کریں گے، جمہورت کو 22 سال سے تسلسل ملا ہے، اس کے اثرات عوام تک پہنچیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  جمہوری قوتوں کو  اختلافات  سامنے  رکھ کر  بھی ڈائیلاگ جاری رکھنے چاہئیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ  جو حکومت بننے جا رہی ہے اس کی سب سے زیادہ توجہ کراچی پر  ہوگی،ہم  وفاقی،صوبائی اور  بلدیاتی سطح پر کراچی کی آواز  بنیں گے۔

مزید خبریں :