08 مارچ ، 2024
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کے اسپنر اور پی ایس یل 9 میں اب تک سب سے زیادہ وکٹ لینے والے اسامہ میر کا کہنا ہے کہ ماضی میں خراب پرفارمنس کی وجہ سے کافی مایوس تھا، لوگوں سے بھی بہت زیادہ باتیں سننے کو مل رہی تھی، میں نے محنت کی اور جہاں جہاں کمی تھی وہاں بہتری کی۔
جیو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں اسامہ میر کا کہنا تھا کہ ایک دم سے ون ڈے آیا تو سلو گیند کرانے کی کوشش میں ایکشن تبدیل کر دیا، پہلے مجھے اندازہ نہیں ہوا کہ کیا غلطیاں کر رہا تھا اور وہی غلطیاں کرتا جا رہا تھا، مجھے بعد میں احساس ہوا کہ میرا ایکشن مکمل نہیں ہو رہا تھا اس کو درست کیا۔
اسامہ میر نے کہا کہ ورلڈکپ کی مایوس کن پرفارمنس نے اعتماد گرایا تھا، میں نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا، ورلڈ کپ کے بعد میں نے خود کو گرایا نہیں۔
پی ایس یل 9 کی کارکردگی کے حوالے سے اسامہ میر نے بتایا کہ اب تک کی 18 وکٹوں میں سے بہتر وکٹ بابر اعظم کی تھی، بابر کی وکٹ میری یادگار وکٹ ہے،جس طرح بابر کھیلتے ہیں لگتا ہے وہ کسی سے آؤٹ نہیں ہوں گے۔
اسامہ میر نے کہا کہ امید ہے بقیہ میچز میں اچھے مومینٹم سے کھیلیں، دو بار فائنل میں ناکام ہوئے اس بار ضرور چیمپئن بنیں گے۔