27 جنوری ، 2013
لاہور…تحریک منہاج القرآن کے سربراہ علامہ طاہر القادری کا کہناہے کہ فاروق ایچ نائیک مذاکراتی ٹیم میں شامل نہیں،اس پر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ،مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین کاکہناہے کہ وہ مذاکرات سے نیک توقعات رکھتے ہیں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے علامہ طاہرالقادری سے باقاعدہ مذاکرات سے پہلے مسلم لیگ ق کے صدرچودھری شجاعت حسین اورسیکریٹری جنرل مشاہد حسین سیدنے ان سے غیررسمی ملاقات کی، یہ ملاقات طاہرالقادری کی رہائش گاہ پرہوئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہاکہ کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا، وہ مذاکرات سے نیک توقعات رکھتے ہیں۔ مسلم لیگ ق کے سیکریٹری جنرل مشاہد حسین سیدکاکہناتھاکہ طاہرالقادری سے مثبت بات چیت ہوئی،امین فہیم پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کے صدراورفاروق ایچ نائیک کے باس ہیں، وہ مذاکرات میں موجود ہوں گے۔ بعد میں منہاج القرآن سیکریٹریٹ پہنچنے پرعلامہ طاہرالقادری نے فاروق ایچ نائیک کے نہ آنے پر تشویش کا اظہارکیا،انہوں نے کہاکہ وہ تحفظات ریکارڈ کرائیں گے، لیکن وفد کو واپس نہیں بھیجیں گے، طاہرالقادری کاکہنا تھاکہ وہ آئینی دلائل پربحث اورالیکشن کمیشن کی تشکیل نو پر مذاکرات کریں گے۔