27 جنوری ، 2013
اسلام آباد…کامران فیصل کیس میں نیب نے سپریم کورٹ کورٹ کی طرف سے مانگا گیا ریکارڈ عدالت عظمی میں جمع کرادیا ہے جبکہ نیب کی طرف سے کامران فیصل کی ملازمت کا سرکاری ریکارڈ بھی پولیس کی تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا ہے۔نیب کے ترجمان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ نیب نے سپریم کورٹ کی طرف سے مانگا گیا ریکارڈ عدالت میں جمع کروادیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کامران فیصل کیس میں نیب سے سی۔سی۔ٹی۔وی فوٹیج اور نیب میں ہونے والی ویڈیو کانفرنس سمیت دیگر ریکارڈ مانگا تھا۔دوسری طرف نیب نے پولیس کی طر ف سے لکھے گئے خط کے جواب میں پولیس کو کامران فیصل کی ملازمت کا ریکارڈ بھی فراہم کردیا گیا ہے جس میں کامران فیصل کی نیب میں تقرری سے لے کر اب تک کی تمام سرکاری تعیناتیوں کا ریکارڈ موجود ہے۔ نیب ہیڈکوارٹرز اور نیب راولپنڈی میں ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کی منسوخی کے باعث کام اتوار کو بھی جاری رہا۔ نیب ترجمان کے مطابق نیب حکام اگلے چند روز میں عدالت عظمی میں کامران فیصل ، اوگرا اور رینٹل پاورز کیس کی تیار ی میں مصروف ہیں۔