کھیل
Time 13 مارچ ، 2024

ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے دی

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کل پلے آف مرحلے میں کوالیفائر میچ کھیلیں گی— فوٹو: پی ایس ایل
ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کل پلے آف مرحلے میں کوالیفائر میچ کھیلیں گی— فوٹو: پی ایس ایل

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے آخری لیگ میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز  نے کوئٹہ  کو جیت کیلئے 186 رنز کا ہدف دیا تاہم گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 16 ویں اوورز میں 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ملتان سلطانز کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔کپتان محمد رضوان 69 اور جانسن چارلس53 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ یاسر خان 12، عثمان خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ افتخار احمد نے اختتامی اوورز میں 8 گیندوں پر 20 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے 2، محمد وسیم اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم کو ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور پہلی وکٹ جیسن روئے کی گری جو 3 رنز بنا سکے۔

اس کے بعد وقفے وقفے سے گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 106 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں اسے 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گلیڈی ایٹرز کے گل عمیر یوسف 37 اور خواجہ نافع 16 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ ملتان سلطانز کے ڈیوڈ ویلی اور اسامہ میر نے 3، 3 جبکہ عباس آفریدی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ 

پوائنٹس ٹیبل پر ابھی ملتان سلطانز 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی, زلمی دوسری، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری اور کوئٹہ چوتھی پوزیشن پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ دو ٹیمیں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کل پلے آف مرحلے میں کوالیفائر میچ کھیلیں گی، کوالیفائر کا مطلب اُس میچ کو جیتنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو ایک اور موقع ملے گا۔

پوائنٹس ٹیبل کی تیسرے اور چوتھے نمبر کی ٹیمیں پہلا ایلمینٹر میچ کھیلیں گی، اس میچ کی ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی جبکہ جیتنے والی ٹیم کوالیفائر میچ کی لوزر سے دوسرا ایلیمنٹر کھیلے گی  اور دوسرے ایلیمنٹر کی فاتح ٹیم 18 مارچ کو فائنل کھیلنے کی حقدار ہوگی۔    

مزید خبریں :