Time 14 مارچ ، 2024
پاکستان

ناظم آباد سے بچوں کی گمشدگی کا کیس: عدالت کا بچوں کو خالہ کے حوالے کرنے کا حکم

عدالت نے بچوں کی خالہ کو دونوں بچوں کے لیے 5،5 لاکھ روپےجمع کرانےکی ہدایت کردی__فوٹو: اسکرین گریب
عدالت نے بچوں کی خالہ کو دونوں بچوں کے لیے 5،5 لاکھ روپےجمع کرانےکی ہدایت کردی__فوٹو: اسکرین گریب

کراچی کی مقامی عدالت نے ناظم آباد سے لاپتا ہونے والے دو کم عمر بہن بھائی انابیہ اور ایان کو دوسری خالہ کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں نارتھ ناظم آباد سے لاپتا کمسن بہن بھائی کی کسٹڈی والد کے حوالے کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت عدالت نے دونوں بہن بھائی کا سیکشن 164 کے تحت بیان قلم بند کیا جس میں بچوں نے بتایا کہ مار پیٹ کی وجہ سے گھر سے چلے گئے تھے، ہمیں کسی نے اغوا نہیں کیا، ہم اپنی مرضی سے گئے تھے ۔

بچوں نے بیان میں کہا کہ ہم اپنی دوسری خالہ کے ساتھ جانا چاہتے ہیں، جس خالہ کے ساتھ پہلے رہتے تھے اس کے ساتھ نہیں رہنا۔

اس دوران بچوں کے والد کے وکیل نے کہا کہ بچوں کو ملازمین کی طرح رکھا جارہا تھا، بچوں سے واش روم تک صاف کروائے جاتے تھے، بچوں کی والدہ ڈھائی سال سے ملک سے باہر ہیں، دو سال سے والد کی بچوں سے ملاقات نہیں کرائی جارہی تھی۔

عدالت نے بچوں کی کسٹڈی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے بچوں کو خالہ کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے بچوں کی خالہ کو دونوں بچوں کے لیے 5،5 لاکھ روپےجمع کرانےکی ہدایت کردی جب کہ  عدالت نے بچوں کے والد کو کسٹڈی کے لیے باقاعدہ عدالت سےرجوع کرنےکی ہدایت کردی۔

مزید خبریں :