وزیراعظم سے امریکی سفیر کی ملاقات، ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ بھی اٹھایا

امریکا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کی امیدکرتا ہے: امریکی سفیر کی گفتگو— فوٹو: پی آئی ڈی
امریکا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کی امیدکرتا ہے: امریکی سفیر کی گفتگو— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ اور علاقائی اہمیت کے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں غزہ کی صورتحال اور افغانستان میں پیشرفت پر بھی بات چیت کی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے امریکی سفیر سے ڈاکٹرعافیہ کا معاملہ بھی پرزور طریقے سے اٹھایا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی موجودہ صورتحال پراطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت معیشت مستحکم کرنے کیلئے میکرواکنامک اصلاحات پر توجہ دے گی۔

ایس آئی ایف سی غیرملکی سرمایہ کاری تیز کرنے کیلئے قائم کی گئی ہے۔

ملاقات میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ امریکا پاکستان کو ایک اہم پارٹنر سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کیلئے حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کی امیدکرتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان امریکی سفارت خانے کے مطابق حکومت پاکستان کے ساتھ شراکت داری اور خطے کی سکیورٹی صورتِ حال پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ آئی ایم ایف کے ذریعے مسلسل اقتصادی اصلاحات کیلئے امریکی حمایت پر بھی گفتگو ہوئی۔

مزید خبریں :