کھیل
Time 18 مارچ ، 2024

پی ایس ایل 9 کا چیمپئن کون؟ اسلام آباد اور ملتان کا فائنل آج ہوگا

اسلام آباد نے دو مرتبہ ٹرافی جیتی ہے، ملتان سلطانز کے حصے میں یہ ٹائٹل ایک مرتبہ آیا ہے__فوٹو: پاکستان سپر لیگ/ایکس
اسلام آباد نے دو مرتبہ ٹرافی جیتی ہے، ملتان سلطانز کے حصے میں یہ ٹائٹل ایک مرتبہ آیا ہے__فوٹو: پاکستان سپر لیگ/ایکس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں سیزن کا فائنل آج ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل نائن کا چیمپئن کون ہوگا ، یہ فیصلہ آج رات کراچی کے نیشنل بینک ارینا اسٹیڈیم میں ہوجائے گا، دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گی۔ 

اسلام آباد نے دو مرتبہ ٹرافی جیتی ہے، ملتان سلطانز کے حصے میں یہ ٹائٹل ایک مرتبہ آیا ہے۔

ملتان سلطانز پہلے کوالیفائر میں پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی تھی جب کہ اسلام آباد نے ایلیمینیٹر 1 میں کوئٹہ کو ہرایا اور پھر  ایلیمینیٹر 2 میں پشاور سے فتح چھینی اور فائنل تک رسائی کرنے میں کامیاب ہوئی۔

فائنل میں پہنچنے والی دونوں ٹیموں کے کپتانوں محمد رضوان اور شاداب خان نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کی تاریخی عمارت کے سامنے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

پچ رپورٹ:

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کی یہ وہی وکٹ ہے جس پر اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان ایلیمینیٹر 2 کا مقابلہ ہوا تھا۔

اس وکٹ نے بلے بازوں کو باؤنسی اور تیز گیند فراہم کی جس سے انہیں اسٹرائیک میں مدد ملی، امید ہے کہ آج بھی یہ وکٹ ایسی ہی ہوگی۔

دونوں میں سے کس کا پلڑا بھاری؟

جہاں ملتان سلطانز ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں دونوں ٹیموں میں زیادہ مضبوط ثابت ہوئی، وہیں یونائیٹڈ نے مسلسل دو ناک آؤٹ فتوحات حاصل کرنے کے بعد نمایاں کارکردگی دکھائی۔

تاہم ٹیموں کا موازنہ کیا جائے اور پچھلے میچز دیکھے جائیں تو ملتان اب بھی بولنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ تینوں ڈپارٹمنٹ میں اسلام آباد سے مضبوط نظر آتی ہے۔

مزید خبریں :