کھیل
Time 19 مارچ ، 2024

فارم واپس لانے کیلئے عماد وسیم کی بیٹی سے دعا کروانےکی ویڈیو وائرل

ویڈیو پی ایس ایل 9 کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے میچ سے قبل کی ہے، فوٹو: اسکرین گریب
ویڈیو پی ایس ایل 9 کے پہلے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے میچ سے قبل کی ہے، فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آباد کے آل راؤنڈر  عماد وسیم نے قومی ٹیم میں جگہ نہ ملنے  اور  مسلسل نظر انداز ہونے  پر  بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا، پی ایس ایل کے سیزن 9 سے قبل وہ کراچی کنگز کو چھوڑ کر اسلام آباد یونائیٹد میں شامل ہوگئے تھے۔

پاکستان سپر لیگ کے سیزن 9 میں  اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انھیں بیٹنگ اور بولنگ کا موقع ملا لیکن  آغاز  میں وہ  بہتر  پرفارمنس نہیں دکھا پائے، انہوں نے بیٹی سے دعا بھی  کروائی جس کی ویڈیو  وائرل ہوگئی ۔

ویڈیو  پی ایس ایل 9 کے پہلے ایلیمینیٹر میں  اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوئٹہ گلیڈی ایٹر سے میچ سے قبل کی ہے۔

ویڈیو میں عماد  اپنی بیٹی سے دعا کروا رہے ہیں کہ اللہ میاں میرے بابا کی پرفارمنس اچھی کروادے آمین۔

اس کے بعد عماد کی پرفارمنس دیکھ کر انداز ہ ہوتا ہےکہ عماد وسیم کی بیٹی کی دعا قبول ہوگئی۔

گزشتہ روز پی ایس ایل کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹد ملتان سلطانز کو دو وکٹوں سے شکست دے کر تیسری مرتبہ پی ایس ایل چیمئن بن گیا، اس مقابلے سمیت اسلام آباد کے اہم مقابلوں میں عماد وسیم کی کارکردگی نمایاں رہی ۔

فائنل میں عماد وسیم نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے  پلیئر آف دی میچ قرار دیےگئے، انہوں نے 23 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا اور 17 گیندوں پر 19 ناقابل شکست رنز بنائے۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے خلاف میچ میں عماد وسیم نے 4 اوور میں 12 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے تھے۔

اس کے بعد دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی کیخلاف بھی عماد وسیم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح کی کم ہوتی امید کو اپنی تجربہ کار بیٹنگ سے یقینی بنادیا تھا اور  اس میچ میں عماد وسیم نے 40 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیلی تھی۔

مزید خبریں :