کھیل
Time 22 مارچ ، 2024

پی سی بی کوچنگ کیلئے گیری کرسٹن اور جسٹن لینگر کے بارے میں سوچنے لگا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہیڈ کوچ کے لیے جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن یا آسٹریلیا کے جسٹن لینگر کی خدمات حاصل کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہا ہے۔

گیری کرسٹن بھارتی ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں جب کہ لینگر نے ماضی میں آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ کی ہے۔

پی سی بی ٹیم کے نئے کوچ کے لیے طویل مدتی معاہدہ حاصل کرنے کا خواہاں ہے، بورڈ جلد از جلد پاکستان کے ہیڈ کوچ کی خالی اسامی کو پُر کرنے کی کوششوں میں ہے۔

گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کے بعد کوچ بریڈ برن کو برطرف کردیا گیا تھا جس کے بعد سے ٹیم کا تاحال کوئی ہیڈ کوچ نہیں ہے۔

سابق آل راؤنڈر  محمد حفیظ نے پاکستان کے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوروں کے دوران ٹیم ڈائریکٹر اور ہیڈ کوچ دونوں کے طور پر کام کیا تھا تاہم حفیظ نے گزشتہ ماہ عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد اب پی سی بی مناسب متبادل کی تلاش میں مصروف ہے۔

ابتدائی طور  پر  پی سی بی نے ہیڈ کوچ کے لیے سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن سے بات چیت کی تھی تاہم ان سے بات نہ بن سکی۔ 

اس حوالے سے محسن نقوی نے بتایا کہ میڈیا پر پہلے سے ہی کچھ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں جن میں کوئی صداقت نہیں تھی۔

کرسٹن اور لینگر کے علاوہ، پی سی بی مبینہ طور  پر مائیک ہیسن، میتھیو ہیڈن، ایون مورگن اور فل سیمنز کے بارے میں بھی سوچ رہا ہے۔

پی سی بی کے سابق سربراہ ذکا اشرف نے جہاں مقامی کوچز کی وکالت کی وہیں نقوی نے غیر ملکی کوچ کو ترجیح دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو غیر ملکی کوچز کو قائل کرنے میں چیلنجز کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :