کندھ کوٹ: ڈاکوؤں کی ایک اور ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش، ناکامی پر زخمی کردیا

مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ٹیچر عبدالرحیم باجکانی اور ان کے والد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے زخمی کردیا— فوٹو: اسکرین گریب
مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ٹیچر عبدالرحیم باجکانی اور ان کے والد کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے زخمی کردیا— فوٹو: اسکرین گریب

کندھ کوٹ میں بے خوف ڈاکوؤں نے ایک اور ٹیچر کو اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر گولیاں مار کر زخمی کردیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے اوگاہی لاڑو کے مقام پر اسکول ٹیچر کو اس وقت اغوا کرنے کی کوشش کی جب وہ اپنے والد کے ساتھ اسکول پڑھانے جارہے تھے۔

مزاحمت پر ڈاکوؤں نے ہائی اسکول حامد بھلکانی کے ٹیچر عبدالرحیم باجکانی اور ان کے والد ریٹائرڈ ٹیچر علی گوہر باجکانی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

زخمیوں کو مقامی لوگوں نے سول اسپتال پہنچایا۔

زخمی ٹیچر کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں نے اساتذہ کو ٹارگٹ کرنا شروع کردیا ہے، ان حالات میں کیسے اسکول جاکر بچوں کو پڑھایا جاسکتا ہے؟ انہوں نے کچے کے اسکولوں میں پڑھانے والے ٹیچرز کو تحفظ دینے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ کندھ کوٹ میں ہی چند روز قبل پرائمری ٹیچر اللہ رکھیو نندوانی کو قتل بھی کیا گیا تھا۔

استاد کے قتل میں ملوث ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے پولیس اور رینجرز کا آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے۔

ایس ایس پی کندھ کوٹ کے مطابق آپریشن کے دوران قتل کے ملزم صدام نندوانی کے گینگ کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پرائمری ٹیچر اللہ رکھیو نندوانی کے قاتلوں کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہےگا۔

مزید خبریں :