کراچی میں اب لڑکوں کے ساتھ لڑکیوں میں بھی نائٹ کرکٹ کھیلنے کا جنون بڑھ گیا

رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے/ فوٹو جیونیوز
رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے/ فوٹو جیونیوز

رمضان کا پہلا عشرہ ختم ہوتے ہیں کراچی میں نائٹ کرکٹ کا جنون مزید بڑھ جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اب لڑکوں کے بعد لڑکیوں نے بھی رمضان میں نائٹ کرکٹ کھیلنا شروع کردی ہے۔

کھیلو کرکٹ کی ایک ایسوسی ایشن نے کراچی میں رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کچھی میمن گراؤنڈ میں کیا جس میں کراچی کی سیکڑوں لڑکیوں نے شرکت کی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں خواتین کرکٹرز نے کہا کہ کہ پہلے وہ گھروں میں بیٹھ کر گلی محلے میں ہونے والے رمضان کرکٹ کا بہت شور سنتی تھیں، اب ان کی باری ہے وہ بھی رمضان کرکٹ کو انجوائے کرنا چاہتی ہیں۔

خواتین کرکٹرز نے کہا کہ جب وہ رمضان کرکٹ کی کٹ پہن کر جارہی تھیں تو بھائی کو کہہ کر گئی تھیں کہ تم سے زیادہ رنز بناؤ گی، رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں خواتین کرکٹرز کے ساتھ ان کے والدین بھی باہر بیٹھے اپنی بچیوں کو بھرپور سپورٹ کررہے تھے۔

فوٹو جیو نیوز
فوٹو جیو نیوز

کھیلو کرکٹ کی سربراہ حدیل عبید کا کہنا تھا کہ کراچی کی رمضان کرکٹ پورے پاکستان میں مقبول ہے لیکن اس رمضان کرکٹ میں ویمنز کہیں موجود نہیں تھیں وہ چاہتی ہیں جس طرح لڑکوں کی رمضان کرکٹ کھیلنے پورے پاکستان کے کھلاڑی کراچی کا رخ کرتے ہیں، اس ہی طرح ویمنز نائٹ کرکٹ کو بھی مقبول کریں، ابھی تو ٹیپ بال سے آغاز کیا ہے امید ہے ہارڈ بال سے بھی رمضان کے ایونٹ کرائیں گے۔

رمضان ویمنز نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے، ہر میچ کی فی اننگز 5 اوور پر مشتمل ہے، تین روز تک جاری رہے والے ایونٹ کا فائنل کل کھیلا جائے گا جس میں فاتح ٹیم کو ایک لاکھ اور رنر اپ کو 50 ہزار روپے کی انعامی رقم ملے گی۔

مزید خبریں :