27 مارچ ، 2024
اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری نے چین کے سفارت خانےکا دورہ کیا اور شانگلہ میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کےکٹہرے میں لایا جائےگا، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
صدر مملکت نےکہا کہ حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے۔
چینی سفیر نے سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنےکی ضرورت پر زور دیا۔
چینی سفیرکا کہنا تھا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے پر پکڑنےکی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے دہشت گرد حملےکی مذمت کی، چینی کارکنوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کےلیے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔