پاکستان کسی سے عداوت نہیں چاہتا، امن کیلئے علاقائی کردار ادا کرتے رہیں گے: وزیراعظم

سلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کا خیر مقدم کرتا ہے اور قرارداد پر فوری عمل درآمد ہو نا چاہیے: شہباز شریف— فوٹو: پی آئی ڈی
سلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کا خیر مقدم کرتا ہے اور قرارداد پر فوری عمل درآمد ہو نا چاہیے: شہباز شریف— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کسی سے عداوت نہیں چاہتا، امن اور خوشحالی کیلئے علاقائی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

شہبازشریف نے وزارت خارجہ اسلام آبادمیں سفیروں کے اعزاز میں عشائیے میں شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ دنیا میں امن پھیلانے کا پیغام دیتا ہے، پاکستان عالمی برادری کے تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتاہے، پاکستان کسی سے عداوت نہیں رکھناچاہتا اور دیگر ملکوں سے تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان بطور ذمہ دارملک امن اورخوشحالی کیلئے علاقائی کردار ادا کرتا رہے گا، ہمارا آئین تمام پاکستانی شہریوں کو مساوی انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

وزیراعظم  کا کہنا تھاکہ رمضان ہم آہنگی، امن اور رواداری کا پیغام ہے، پاکستان میں ہرکسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت گاہوں میں جانے کی آزادی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، ہم نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں، پاکستان سلامتی کونسل کی غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد کا خیر مقدم کرتا ہے اور  قرارداد پر فوری عمل درآمد ہو نا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گورننس کے نظام میں اصلاحات اور ملک کا معاشی استحکام ہماری حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، ملکی مفادات کی ترویج کےلیے ہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔

مزید خبریں :