02 اپریل ، 2024
سول جج اسلام آباد کےگھر تشدد کا شکار ہونے والی بچی رضوانہ جنرل اسپتال لاہور سے ڈسچارج ہوکر چائلڈ پروٹیکشن بیورو واپس آگئی۔
لاہور میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے بتایا کہ رضوانہ بازو کے آپریشن کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو واپس آ گئی ہے۔ وہ دو ماہ سے جنرل اسپتال میں زیر علاج تھی۔
سارہ احمد کے مطابق اب رضوانہ روٹین میں واک کررہی ہے اور پہلے سے بہتر محسوس کر رہی ہے۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن کے مطابق ڈاکٹروں نے اسے دس دن آرام کا کہا ہے۔ رضوانہ کے دائیں بازو کی سرجری ہوئی ہے، پسلی سے ہڈی نکال کر بازو میں ڈالی گئی ہے ، جس کے باعث رضوانہ صحت یابی تک جھک نہیں سکےگی۔
یاد رہےکہ گھر میں کام کرنے والی رضوانہ کو اسلام آباد میں سول جج عاصم حفیظ اور ان کی بیوی نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا ، جس کے بعد کافی عرصہ وہ اسپتال میں زیرعلاج رہی تھی۔