05 اپریل ، 2024
کراچی سے کینسر اور امراض قلب کی جعلی ادویات بنانے والا گروہ پکڑا گیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) اسٹیٹ بینک سرکل کراچی اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے عملے نے لائنز ایریا میں مشترکہ اہم کارروائی کرتے ہوئے انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے درندہ صفت گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
ملزمان سے بڑی مقدار میں جعلی اور غیر رجسٹرڈ شدہ ادویات اور جعلی ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں اور آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان عبدالسعود فیصل اور محمد آصف اپنے گھر سے جعلی ادویات کی مینوفیکچرنگ ، پیکنگ اور سیمپل تیار کر رہے تھے جس میں 82 سے زیادہ مختلف اقسام اور کمپنیوں کی ادویات شامل ہیں۔
جعلی ادویات امراض قلب، کینسر، ذیابطیس، ہائپر ٹینشن اور دیگر امراض میں استعمال کی جاتی رہی ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں ملزمان کی جانب سے جعلی ادویات کراچی کے پوش علاقوں میں میڈیکل اسٹورز کو سپلائی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔