30 جنوری ، 2013
ممبئی…بالی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا کہتی ہیں کہ کامیڈی آسان نہیں، دانتوں پسینا آجا تا ہے، کئی کامیڈی فلموں میں جلوہ گر ہونے والی بالی وڈ کی خوبرو فنکارہ نیہا دھوپیا کا کہنا ہے کہ مزاحیہ اداکاری انتہائی سنجیدہ کام ہے۔ رومانس اور ایکشن اس کی نسبت آسان کام ہیں، مگر کامیڈی کرنا اور تمام مداحوں کی توقعات پر پورا اترنا خالہ جی کا گھر نہیں۔ نیہا دھوپیا ”چھپ چھپ کے“ ”کیا کول ہیں ہم“ اور ”پھنس گیا رے اوباما“ سمیت متعدد کامیڈی فلموں میں کام کرچکی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ انھیں مزاحیہ فلموں میں کام کرنا اچھا لگتا ہے، فلم بینوں نے بھی ان کی اداکاری کو سراہا ہے جس پر وہ بہت خوش ہیں۔ نیہا دھوپیا جلد ٹیلی ویژن پر ایک کامیڈی شو میں جج کے طور پر نظر آئیں گی۔