06 اپریل ، 2024
کوئٹہ کے جعفر خان جمالی روڈ پر ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران ریلوے کا چمن پھاٹک اکھاڑ دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ میں ڈپٹی کمشنر سعد بن اسد کی زیر نگرانی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران اہلکاروں نے جعفر خان جمالی روڈ پر واقع چمن پھاٹک گرادیا اور ریلوے پھاٹک اور کانٹے کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی بھاری مشینری قبضے میں لے لی اور اسٹیشن ماسٹر کوئٹہ عبدالعزیز کی مدعیت میں ڈی سی کوئٹہ اور پی ڈی ایم اے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی کوئٹہ کی زیر نگرانی تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران ریلوے پھاٹک اور کانٹے کو نقصان پہنچایا، پھاٹک فعال حالت میں تھا اور یہاں سے چمن ٹرین گزرتی ہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہے کہ پھاٹک توڑ دینے سے پھاٹک پر حادثے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔