30 جنوری ، 2013
لاہور…پی آئی سی ادویات ری ایکشن کیس کے ملزموں کولاہور کی مقامی عدالتوں میں پیش کیا گیا،عدالت نے افروز فارما کے ڈائریکٹر نادر فیروز کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیااور منیجر شکیل ناگرکوجیل بھجوا دیا۔ اِس کیس میں ملوث ڈاکٹرز،فارما سسٹس اور اسٹور مالکان کی بھی سیشن کورٹ میں پیشی ہے۔پی آئی سی میں 200سے زائد مریضوں کی ہلاکتوں کا سبب بننے والی دوا آئسو ٹیب ایفروزفارما کی تیارکردہ تھی،لندن کی لیبارٹری نے دوا کو غیر معیاری قرار دیا تھااور رپورٹ دی تھی کہ دوا میں انسدادِ ملیریا کی دوا پیری میتھا مائن PYRIMETHAMINE کی بہت زیادہ مقدار شامل تھی،تھانا شادمان کالونی میں اس کا مقدمہ درج کیاگیا،ایفروزفارما کے ڈائریکٹرنادر فیروزاور منیجرشکیل ناگرکوآج ماڈل ٹاوٴن کچہری میں پیش کیا گیا،جہاں عدالت نے نادر فیروز کو2دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ منیجرشکیل کو جیل بھجوا دیا،دوسری جانب اسی کیس میں ملوث پی آئی سی کے ڈاکٹرز،فارما سسٹس اور اسٹور مالکان کو سیشن کورٹ میں پیش کیا گیا،عدالت نے کیس کی سماعت دوپہرساڑھے12بجے تک ملتوی کر دی۔