07 اپریل ، 2024
ملک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9 اپریل کو ہوگا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جس میں کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو،سائنس ٹیکنالوجی حکام شریک ہوں گے۔
رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کوہسار کمپلیکس کی عمارت میں ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے، اجلاس میں شوال کا چاند دیکھنے کی شہادتیں وصول کی جائیں گی جس کے بعد چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند نظر آنے یہ نہ آنے کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق عید الفطر کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 9 اپریل کو ملک کے اکثر حصوں میں مطلع صاف ہوگا، انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی عمر بھی پوری ہے۔