09 اپریل ، 2024
ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں کسٹم انٹیلی جنس اور فرنٹیئرکور (ایف سی) نارتھ نے منشیات فروشوں کے خلاف دو بڑی کارروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن پشاور کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹیگیشن ایف بی آر اسلام آباد کوخفیہ اطلاعات موصول ہوئی کہ افغانستان سے کسی بھی وقت مزدوروں کی روپ میں بھاری مقدار میں منشیات براستہ ضلع خیبر علاقہ راجگل پاکستان اسمگل کی جائے گی۔
ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس اسلام آباد نے خفیہ معلومات ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور شفقت علی خان کو فراہم کیں اور معلومات کو مصدقہ جان کر باہمی مشاورت کے بعد تمام تر خفیہ اطلاعات کو ایف سی 215 ونگ تیراہ اور 106 ونگ جڑوبی سیکٹر تیراہ کو فراہم کیا۔
مزید کارروائی کے لیے ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور شفقت علی خان نے ڈپٹی ڈائریکٹر کسٹم انٹیلی جنس پشاور امانت خان کی قیادت میں اسپیشل ٹیم وادی تیراہ راجگل اور زیڑئی سر کو روانہ کی۔
فرنٹیئر کور اور کسٹم انٹیلی جنس کی باہمی مربوط حکمت عملی کے تحت پہلی کارروائی وادی تیراہ کے علاقہ زیڑئی سر میں کی گئی جہاں ناکہ بندی کےدوران مزدوروں کا روپ دھار کرکندھوں پہ بھاری مقدار میں منشیات وادی تیراہ پاکستان منتقل کیا جارہی تھی، اس دوران کسٹم اور ایف سی اہلکاروں نے 38 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی چرس اور ساڑھے 6 کلوگرام آئس برآمد کرلی۔تاہم اس دوران ملزمان فورسز کو دیکھ کر منشیات چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
برآمد کی جانے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 103 ملین روپے بنتی ہے، جس میں چرس 3 کروڑ 80 لاکھ اور آئس 6 کروڑ 50 لاکھ روپے شامل ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق دوسری کارروائی دور افتادہ وادی تیراہ راجگل کے مقام پر کی گئی جہاں مشترکہ ناکہ بندی کےدوران 92 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کرکے 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پکڑی گئی چرس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 9 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتی ہے۔ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے پشاور کسٹم اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار ملزمان بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے ہیں اور منشیات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا زیادہ حصہ دہشت گردی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
کسٹم حکام کے مطابق دو ہفتے قبل بھی کسٹم انٹیلی جنس اور فرنٹیئرکور نارتھ کی مشترکہ کارروائی میں ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں 115 ملین روپے مالیت کی منشیات ملزمان سمیت پکڑی گئی تھی۔