کھیل
Time 09 اپریل ، 2024

پی سی بی کے اعلان سے قبل ہی یوسف نے غیر ارادی طور پر گیری کرسٹن کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بتا دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے  ہیڈ کوچ کے اعلان سے قبل ہی قومی سلیکٹر اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے گیری کرسٹن کو غیر ارادی طور پر ٹیم کا ہیڈ کوچ بتا دیا۔

پی سی بی نے صرف نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے اظہر محمود کو ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے اور کسی غیر ملکی کوچ کے نام کا تاحال اعلان نہیں کیا۔

لیکن سلیکٹر اور قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف قومی ٹیم کے اسکواڈ کے اعلان کے لیے پریس کانفرنس میں کہہ بیٹھے کہ گیری کرسٹن پاکستان ٹیم کے ہیڈکوچ ہیں، سب نے مل کر ٹیم بنائی ہے۔

محمد یوسف نے پہلے گیری کرسٹن کو چیف سلیکٹر بھی کہا لیکن پھر غلطی کا اندازہ ہوا تو فوری طور پر تصحیح کرتے ہوئے کہا کہ گیری کرسٹن پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔

یوسف کی بات سن کر پریس کانفرنس میں ساتھ بیٹھے سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق حیران و پریشان ہوگئے کیونکہ پی سی بی نے اب تک گیری کرسٹن کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا ہے۔ 

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو کوچز مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم باضابطہ اعلان نہیں کیا۔