پاکستان
31 جنوری ، 2013

جیو نیوز پر غربت کے ستائے جھلا پہلوان کی خبر پر حمزہ شہباز نے نوٹس لے لیا

جیو نیوز پر غربت کے ستائے جھلا پہلوان کی خبر پر حمزہ شہباز نے نوٹس لے لیا

لاہور…بھارتی سورماوٴں کو چت کرنے والے جھلا پہلوان کے غربت سے تنگ آکر گدھا گاڑی پر اپنے میڈل بیچنے کی کہانی جیونیوز پر نشر ہوئی تو حکومت پنجاب جاگ اٹھی، حمزہ شہباز نے خبر کا نوٹس لیا اور وعدہ کیا کہ شفیق جھلا کی خدمات کا صلہ اْسے ضرور ملے گا۔ جھلا کو فنِ پہلوانی نہیں چھوڑنے دیں گے۔ اکھاڑے میں ایک بار پھر اترنے کے لیے بیتاب یہ جھلا پہلوان ہے جو غربت کے ہاتھوں مجبور ہوکر پہلوانی کو خیرباد کہہ چکا تھا اور گدھا گاڑی چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کررہا تھا۔ گزشتہ روز جھلا پہلوان احتجاجاً اپنے اعزازات گدھا گاڑی پر رکھ کر فروخت کرنے نکل پڑا لیکن جیونیوز پر قومی ہیرو کی داستان نشر ہوئی تو پنجاب حکومت بھی جاگی اور جھلا کی مدد کا اعلان کیا۔ اس چھوٹے سے گھرانے کے ہر شخص کے چہرے سے خوشی جھلک رہی ہے۔ اس موقع پر جھلا پہلوان کی بیوی بھی خوشی سے پھولے نہیں سما رہی، اس کا کہنا ہے کہ حکومت سرپرستی کرتی رہے تو وہ اپنے بیٹوں کو بھی پہلوان بنائے گی۔ جھلا پہلوان نے 2008 کے دنگل میں بھارتی سورماوٴں کوچت کیا جبکہ تین مرتبہ رستم گوجرانوالہ کا اعزاز بھی اپنے سینے پر سجا چکا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جھلا پہلوان کی مدد کی یقین دہانی سے یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ دیگر افراد بھی پہلوانی کی طرف راغب ہوں گے اور اس فن کا دورعروج لوٹ آئے گا۔

مزید خبریں :