31 جنوری ، 2013
کراچی …کراچی میں عوام کو کھانے میں کم مسالے بھی اب تیز ہی لگیں گے، شہر میں مسالوں میں استعمال ہونے والی مختلف اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ کراچی میں ہول سیل سطح پر ایک ہفتے کے دوران یہ قیمتیں بڑھی ہیں۔ اس عرصے میں کالی مرچ کی تیزی میں زبردست اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 60 روپے اضافے کے ساتھ 780 روپے کلو ہوگئی۔مہنگائی میں ہلدی نے بھی اپنا خوب رنگ جمایا اور اس کی قیمت 15 روپے کلو بڑھ کر 170 روپے تک جا پہنچی۔ اس کے علاوہ کالی الائچی کی قیمت 150 روپے اضافے سے 1 ہزار 550 روپے اور لونگ کی قیمت 250 روپے کلو اضافے کے ساتھ 1 ہزار 450 روپے ہوگئی ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ کھانوں کو ذائقہ اور رنگ دینے والے مسالے مہنگے ہونے سے دسترخوان کے رنگ پھیکے پڑ گئے ہیں۔