پہلی بار اولمپکس مقابلوں میں بھی اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال

آئی او سی کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ آئی او سی
آئی او سی کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ آئی او سی

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی بہت تیزی سے پیشرفت کر رہی ہے اور متعدد شعبوں میں اس کا استعمال ہو رہا ہے۔

مگر اب پہلی بار اولمپکس مقابلوں میں بھی اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال ہوگا۔

خیال رہے کہ پیرس اولمپکس کے آغاز میں اب زیادہ وقت نہیں رہ گیا۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کی جانب سے پیرس اولمپکس کے لیے اے آئی ایجنڈا جاری کیا گیا ہے۔

آئی او سی کے صدر Thomas Bach نے اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی متعدد سروسز اور ٹولز کو متعارف کرایا جن کو پیرس اولمپکس کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا نگرانی سے لے کر ایتھلیٹس کی ٹریننگ اور براڈکاسٹنگ تک، اے آئی ٹیکنالوجی 26 جولائی سے شروع ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔

آئی او سی کے صدر نے بتایا کہ ہم اولمپک گیمز کی انفرادیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم ہمیشہ سے تبدیلی لانے والوں کے رہنما رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی تیاری میں تیزی بالخصوص اے آئی ٹیکنالوجی کی پیشرفت سے ہم ایک بار پھر تبدیلی کے دوراہے پر کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار ہوگا جب دنیائے کھیل کے ایک اہم ایونٹ میں اے آئی کے استعمال کے لیے باقاعدہ حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کہا جا رہا ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی ہر شعبے میں انسانوں کی جگہ لے سکتی ہے، مگر کھیل کے میدان میں ہمیشہ ایتھلیٹ ہی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے مگر اے آئی سے کھلاڑیوں کو معاونت مل سکے گی۔

آئی او سی کی شراکت دار کمپنی انٹیل کی جانب سے اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں معاونت فراہم کی جائے گی۔

کمپنی کی جانب سے پیرس کے متعدد پیرس وینیوز میں ٹیکنالوجی کو اس طرح استعمال کیا جائے گا کہ مداح اپنے پسندیدہ ایتھلیٹ کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔

انٹیل کی تیار کردہ اے آئی ایپس کو بھی اولمپکس میں استعمال کیا جائے گا تاکہ مداح یہ جان سکیں کہ نئی ٹیکنالوجی سے ایتھلیٹ کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے میں کیسے مدد ملی۔

کمپنی کی جانب سے اولمپک گیمز کی پرانی ویڈیوز کو تھری ڈی ڈیجیٹل نوادرات میں تبدیل کیا جائے گا جن تک رسائی اولمپکس میوزیم میں ہوگی۔

ایک اور ٹول گیمز کی نشریات میں کردار ادا کرے گا جس کی مدد سے لائیو ٹی وی سگنل کو ملی سیکنڈز میں 8K ریزولوشن/ 60 فریم فی سیکنڈ/ ایچ ڈی آر میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

یہ ایچ ڈی فیڈ پوری دنیا میں سیکنڈوں میں بھیجی جائے گی جس سے لائیو اسٹریم پہلے سے زیادہ بہتر ہو جائے گی۔

مزید خبریں :