ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم میں کی جانے والی ایسی تبدیلی جو صارفین کو پسند نہیں آئے گی

کمپنی کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
کمپنی کی جانب سے اس کا اعلان کیا گیا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کا استعمال دنیا بھر میں کروڑوں کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپس میں کیا جا رہا ہے مگر اب اس میں ایسی تبدیلی کی جا رہی ہے جو صارفین کو بالکل پسند نہیں آئے گی۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 11 کے تمام صارفین کے لیے اسٹارٹ مینیو میں اشتہارات کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس کی آزمائش اپریل 2024 کے شروع میں کی گئی تھی اور اب اس تبدیلی کو تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس حوالے سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اسٹارٹ مینیو کے ریکومینڈیشن سیکشن میں اب مائیکرو سافٹ اسٹور کی کچھ ایپس نظر آئیں گی۔

بیان کے مطابق یہ ایپس مخصوص ڈویلپرز کی ہوں گی اور اشتہارات کا مقصد ونڈوز 11 کے صارفین کو مزید ایپس دریافت کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔

یہ تبدیلی اس لیے حیران کن ہے کیونکہ محض 2 ہفتے کی آزمائش کے بعد ہی اسے بیٹا (beta) چینل سے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا۔

اچھی بات یہ ہے کہ آپ ان اشتہارات یا ریکومینڈیشنز کو ڈس ایبل کر سکتے ہیں۔

اگر آپ کی ونڈوز 11 حال ہی میں اپ ڈیٹ ہوئی ہے تو سیٹنگز میں پرسنلائزیشن اور پھر اسٹارٹ آپشن میں جاکر شو ریکومینڈیشنز فار ٹپس کو ٹرن آف کر دیں۔

کمپنی کے مطابق یہ اپ ڈیٹ ابھی آپشنل ہے مگر آنے والے ہفتوں میں اسے ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والی تمام ڈیوائسز کا حصہ بنا دیا جائے گا۔

ونڈوز 11 کے اسٹارٹ مینیو میں اشتہارات کے اضافے سے قبل ونڈوز 10 کی لاک اسکرین اور اسٹارٹ مینیو میں بھی کھیلوں سے متعلق اشتہارات دکھائے گئے تھے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے 2023 میں فائل ایکسپلورر آف ونڈوز 11 میں بھی اشتہارات کی آزمائش شروع کی گئی تھی مگر پھر اس پر کام روک دیا گیا تھا۔