Time 25 اپریل ، 2024
پاکستان

ہمارے خدشات ہیں شب برات پر بشریٰ بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا: مشال یوسفزئی

ہمیں پتا چلا شب برات پر بشریٰ بی بی کے افطار کے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر کے دو تین قطرے ملائے گئے: ترجمان بشریٰ بی بی/ فائل فوٹو
ہمیں پتا چلا شب برات پر بشریٰ بی بی کے افطار کے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر کے دو تین قطرے ملائے گئے: ترجمان بشریٰ بی بی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے کہا ہےکہ ہمارے خدشات ہیں کہ شب برات پر بشریٰ بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا۔

جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ بی بی کی ترجمان مشال یوسفزئی نے کہاکہ ہمارے خدشات ہیں کہ شب برات پر بشریٰ بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا، ہمیں پتا چلا شب برات پر بشریٰ بی بی کے افطار کے کھانے میں ٹوائلٹ کلینر کے دو تین قطرے ملائے گئے، اس کھانے کے بعد سے بشریٰ بی بی کی صحت خراب ہوئی اور روز بگڑتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاری سے پہلے بشریٰ بی بی کو بلڈپریشر اور شوگر سمیت کوئی مسئلہ نہیں تھا، گرفتاری کے بعد سے ان کی صحت خراب ہے کچھ نہ کچھ تو ضرور ہوا ہے، عدالت تین ہفتوں سے کہہ رہی تھی کہ بشریٰ بی بی کے میڈیکل ٹیسٹ کرائے جائیں، میڈیکل ٹیسٹ اس وقت کیوں نہیں ہوئے کون تھا جو میڈیکل ٹیسٹ میں رکاوٹ ڈال رہا تھا۔

مشال یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عدالت نے انڈو اسکوپی اور بلڈ ٹیسٹ کی ہدایت کی تھی، انڈو اسکوپی سے پتا چلا کہ معدے میں زخم اور سوزش ہے، عدالت کے احکامات کے باوجود بشریٰ بی بی کا بلڈ ٹیسٹ نہیں کرنے دیا گیا، ہم نے یہ بھی کہا کہ بلڈٹیسٹ الشفا سے کرائیں، کراس چیک شوکت خانم سے کرائیں، بلڈ ٹیسٹ سے ہی پتا چلتا کہ زہر کا عنصر موجود ہے یا نہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ دو دن پہلے بھی بشریٰ بی بی کو سینے اور بائیں بازو میں درد تھا، جیل کی ڈاکٹر نے ای سی جی کی تو وہ ای سی جی نارمل نہیں تھی، جیل ڈاکٹر نے کہا کہ جیل انتظامیہ کو انفارم کرتی ہوں تاکہ پمز کے ڈاکٹر آکر چیک اپ کریں، جیل کی ڈاکٹر دن 12 بجے انتظامیہ کو بتانے گئیں اور 5 بجے باہر آئیں، ہمارے شور مچانے اور آواز اٹھانے پر رات 11 بجے پمز کے ڈاکٹر آئے، رات 11 بجے کے بعد بشریٰ بی بی کی دوبارہ ای سی جی ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو یا مریم نواز کی بات ہوتی ہے تو وہ سیاسی شخصیات ہیں، بشریٰ بی بی سیاسی شخصیت نہیں گھریلو خاتون ہیں، ان کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ ہیں۔

مزید خبریں :