01 فروری ، 2013
پشاور…نیٹو ٹرانسپورٹرز اور سپلائرز کمپنیز کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں ،خیبرایجنسی کے راستے افغانستان میں نیٹو فورسز کو ایک ماہ گزرنے کے باوجود سپلائی بحال نہ ہوسکی۔پاک افغان سرحد طورخم اور چمن بارڈر کے راستے افغانستان میں نیٹو فورسز کو یکم جنوری سے سپلائی معطل ہے۔ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز یونین کے ترجمان اسرار شنواری کے مطابق نیٹو فورسز کو امدادی اشیاء سپلائی کرنے والے ٹرانسپورٹرز سپلائرز کمپنیوں کے مالکان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کمپنیاں اُنہیں اور اُن کے ٹرانسپورٹس کو انشورنس کی سہولت فراہم کریں اور افغانستان جانے کیلئے دیئے جانے والی کرایہ کو دُگنا کیا جائے۔ اسرار شنواری کے مطابق سپلائرز کمپنی مالکان ٹرانسپورٹرز کے ان مطالبات ماننے کیلئے تیار نہیں۔ جس کے باعث ٹرانسپورٹرز نے ایک ماہ گزرنے کے باوجود نیٹو سپلائی کو معطل رکھا ہے۔اسرار شنواری کے مطابق سپلائرز کمپنی مالکان اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان خیبر ایجنسی آج ہونے والے مذاکرات کامیاب نہ ہوئے۔