Time 04 مئی ، 2024
کاروبار

ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنیوالوں کی موبائل سم بلاک کرنیکی ایف بی آر کی درخواست مسترد

قانونی طور پر وہ سمز بند کرنے کے اس حکم پر عمل کرنے کے پابند نہیں: پی ٹی اے/ فائل فوٹو
 قانونی طور پر وہ سمز بند کرنے کے اس حکم پر عمل کرنے کے پابند نہیں: پی ٹی اے/ فائل فوٹو

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ٹیکس ریٹرن فائل نہ کرنے والوں کی موبائل سمز بلاک کرنے کی ایف بی آر کی تجویز کی مخالفت کر دی۔

پی ٹی اے نے ایف بی آر کو خط لکھ کر کہا ہے کہ وہ قانونی طور پر سمیں بندکرنے کے اس حکم پر عمل کرنے کے پابند نہیں اور سم بلاک کرنے کا عمل ہمارے فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا۔

پی ٹی اے نے خط میں کہا پاکستان میں صرف 27 فیصد خواتین اپنے نام پر نکالی گئی سمیں استعمال کرتی ہیں اور باقی خواتین اور بچے خاندان کے مرد حضرات کے نام پر سمیں استعمال کرتے ہیں۔

پی ٹی اے نے خط میں لکھا موبائل سم بند کرنے سے ای کامرس اور ٹرانزیکشز کا عمل بھی متاثر ہوگا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایف بی آر کی جانب سے سم بند کرنے کی درخواست کو مسترد کرکے کوئی اور لاحہ عمل پیش کرنے کی تجویز دی ہے۔ 

یاد رہے کہ ایف بی آر نے 6 لاکھ 6 ہزار سے زائد افراد کی موبائل سم بند کرنے کیلئے انکم ٹیکس جنرل آرڈر جاری کیا تھا۔

ایف بی آر کے مطابق ان افراد کی آمدن انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہے لیکن یہ افراد انکم ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے قابل ہونے کے باوجود فائل نہیں کررہے، یہ افراد ایف بی آر ایکٹو ٹیکس پیئرلسٹ میں شامل نہیں لہٰذا انکم ٹیکس ریٹرنز فائل نہ کرنے والوں کے موبائل فون کنکشن کسی بھی وقت بند کیے جاسکتے ہیں۔