01 فروری ، 2013
حیدرآباد… کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں اور کارکنوں کے قتل کے خلاف جمعہ کو حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ سنی تحریک کی جانب سے ٹارگٹ کلنگ کے خلاف حیدر چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ سنی تحریک کے رہنما خالد حسن عطاری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں چن چن کر لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے اور حکومت خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔وزیر داخلہ امن و امان کے حوالے سے بلند دعوے کرتے نہیں تھکتے۔ دوسری جانب اہلسنت والجماعت کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ شرکاء کاکہنا تھاکہ ایک منظم سازش کے تحت کراچی میں علمائے کرام کا قتل کیا جارہا ہے حکومت علمائے کرام اور شہریوں کا تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔