09 مئی ، 2024
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطار تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کےکیسز کو منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچایا جا رہا؟ بانی پی ٹی آئی سے بہت رعایت برتی گئی ہے۔
کابینہ اجلاس میں شرکت کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعہ کی مذمت کیلئے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے جس میں پیپلزپارٹی،آئی پی پی اور نیشنل پارٹی کو بھی خصوصی طور پربلایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور اس دن سیاسی اور ذاتی مفادات کیلئےوہ کچھ کیا گیاجو کبھی دشمنوں نے نہیں کیا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اجلاس میں 9 مئی سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی اور وزارت قانون کی طرف سے وائٹ پیپر بھی پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے بہت رعایت برتی گئی ہے، ان کے بھانجے اور بہنیں بھی 9 مئی کےسانحہ میں ملوث ہیں، میرا سوال ہے کہ 9 مئی کےکیسز کافیصلہ کیوں نہیں کیا جا رہا اور کیوں 9 مئی کےکیسز کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جا رہا؟