17 مئی ، 2024
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی میں ایسے مقامات پر پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے کا حکم دیا ہے جہاں عوام کی رسائی ممکن ہو۔
پبلک ٹوائلٹس سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ کراچی کے بڑے بازاروں، شاہراہوں، بس اسٹاپس، جنرل اسپتالوں، کلینکس اور قبرستانوں تک میں پبلک ٹوائلٹس نہیں، ہزاروں سال پہلے موئنجو دڑو میں بھی پبلک ٹوائلٹس تھے۔
عدالت نے بزرگوں، خواتین اور معذور افراد کی ضروریات کے مطابق پبلک ٹوائلٹس بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ کراچی میں ایسے مقامات پر پبلک ٹوائلٹس تعمیر کیے جائیں جہاں عوام کی رسائی ممکن ہو ۔
عدالت نےصوبے بھر میں ڈویژن کی سطح پر پبلک ٹوائلٹس کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی، کہا کراچی کی پبلک ٹوائلٹس کمیٹی کی سربراہی میئر کراچی کریں گے۔
عدالت نے پبلک ٹوائلٹس کی موجودہ صورتِ حال، مقام اور قابل استعمال ہونے سے متعلق تفصیلات بھی طلب کرلیں۔