کھیل

لنکا پریمیئر لیگ 2024 میں پاکستان کے7 کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلی گئیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لنکا پریمیئر لیگ 2024 کے پلیئرز  آکشن میں مختلف ٹیموں نے پاکستان کے 7 کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کرلیں ۔

پی سی بی کی دو لیگز کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان ٹیم کے بڑے نام لنکا پریمیئر لیگ سے دور ہی رہے ۔

لنکا پریمیئر لیگ 2024 یکم جولائی سے 21 جولائی تک کھیلی جائے گی جس کیلئے پلیئرز آکشن منگل کو ہوئے جس میں پاکستان کے افتخار احمد کو دمبولا ٹھنڈرز  نے پچاس ہزار ڈالرز میں پک کیا۔ فاسٹ بولر محمد حسنین کو تیس ہزار ڈالر میں بی لوو کینڈی نے حاصل کیا جب کہ وسیم جونیئر کو کولمبو اسٹرائیکرز نے 20 ہزار ڈالرز میں حاصل کیا۔

 کینڈی نے اعظم خان کو بھی 50 ہزار ڈالرز میں حاصل کرلیا جبکہ سلمان علی آغا کو دس ہزار ڈالرز میں حاصل کیا گیا ۔محمد علی 10 ہزار ڈالرز میں بی لوو کینڈی کا حصہ بنے۔حیدر علی کو دمبولا ٹھنڈرز نے 25 ہزار ڈالرز میں حاصل کیا۔

 پاکستان کے شاداب خان پلیئرز  آکشن سے قبل ہی کولمبو اسٹرائیکرز کا حصہ بن چکے تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بڑے نام لنکا پریمیئر لیگ میں آکشن میں پک نہ ہوئے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی دو لیگز کی پالیسی کی وجہ سے اکثر پاکستانی کرکٹرز کم معاوضے والی لنکا پریمیئر لیگ سے ڈیل کرنے کے بجائے زیادہ معاوضے والی دیگر لیگز میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پاکستان کے حارث رؤف، زمان خان اور ابرار احمد میجر لیگ کیلئے ایکشن میں ہوں گے جو چار جولائی سے 28 جولائی تک ہوگی ۔ جولائی کے آخر میں ہونیوالی دی ہنڈریڈ میں نسیم شاہ، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور اسامہ میر ایکشن میں ہوں گے۔

مزید خبریں :