03 فروری ، 2013
جوہانسبرگ … جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے 480 رنز کے ہدف کے جواب میں تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹ پر 183 رنز بنالئے، اسد شفیق اور کپتان مصباح الحق کے درمیان ناقابل شکست 101 رنز کی شراکت قائم ہوئی، قومی ٹیم کو فتح کیلئے 297 اور میزبان ٹیم کو 6 وکٹ درکار ہیں۔ جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے اپنی دوسری اننگز 275 رنز 3 کھلاڑی آوٴٹ پر ڈیکلیئرڈ کی تو پاکستان کو جیت کیلئے 480 رنز کا ہدف ملا۔ اوپنر محمد حفیظ دوسری اننگز میں بھی 2 رنز بنا کر فلینڈر کی گیند پر ڈی ویلیئرز کو کیچ تھما بیٹھے۔ ناصر جمشید اور اظہر علی نے 57 رنز جوڑے تاہم لیفٹ ہینڈر بیٹسمین ناصر 4 رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 46 کے اسکور پر ڈیل اسٹین کا شکار ہوگئے، ان کے بعد اظہر علی بھی 70 کے مجموعی اسکور پر 18 رنز بنا کر جیک کیلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو اور یونس خان 15 رنز بنا کر مورکل کا شکار بن گئے۔ کپتان مصباح الحق اور مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 101 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعہ 183 رنز تک پہنچادیا۔ مصباح 44 اور اسد53 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے مزید 297 رنز اور میزبان جنوبی افریقا کو کامیابی کیلئے 6 وکٹیں درکار ہیں جبکہ ابھی دو دن باقی ہیں۔