23 مئی ، 2024
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس میڈیسن کو ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شعبہ میڈیکل اینڈ اسپورٹس میڈیسن کے سربراہ کی تلاش کے لیے اشتہار دیا جائے گا، اسسٹنٹ پروفیسر کو شعبے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی اور سربراہ کے انتخاب کے لیے میڈیکل کے سربراہان کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیموں کے لیے تجربہ کار میڈیکل پینل تشکیل دیا جائے گا جب کہ میڈیکل کے شعبے کو جدید خطوط پر چلانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جارہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ چیئرمین محسن نقوی شعبہ میڈیکل اور اسپورٹس میڈیسن کی کارکردگی سے خوش نہیں، ڈاکٹر سہیل سلیم کے مستعفیٰ ہونے کے بعد میڈیکل کے شعبے کے سربراہ کا عہدہ خالی ہے۔