03 فروری ، 2013
کراچی …سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی لہر نے پوری معیشت کو متزلزل کر کے رکھ دیا ہے۔مصلحت پسندی کے عمل نے کراچی کی روشنیوں کو اندھیرے میں بدل دیا ہے۔ موجودہ حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ کراچی سے جاری بیان کے مطابق ثروت اعجاز قادری نے یہ بات مرکز اہلسنت کراچی پر صوبہ خیبر پختونخواہ سے آئے ہو ئے وفد سے گفتگو میں کہی۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کا حب ہے کراچی کے حالات کو خراب کر کے ملک کو کمزور کرنے کا گھناوٴنا کھیل کھیلا جارہا ہے جس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ہر قسم کی دہشتگردی ،ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتی ہے۔ حکومت پاکستان اگر سنجیدگی سے کلرز اور دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کرتی تو آج حالات بہتر ہوتے پاکستان سنی تحریک کے تحت شہریوں کی جان ومال کے عدم تحفظ ،ٹارگٹ کلنگ ،کارکنان کے پے درپے قتل کے خلاف پیر چار فروری کو کراچی پریس کلب پر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا۔