04 فروری ، 2013
لندن…برطانوی شاہی محل میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے چاقووٴں سے مسلح شخص کو پولیس نے ٹیسر گن کااستعمال کرکے قابو کرلیا۔ بکنگھم پیلس کے باہرگارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہو رہی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے کہ اس وقت انتہائی سنسنی خیزصورت حال پیداہوگئی جب ایک شخص دونوں ہاتھوں میں چاقولہراتے ہوئے شاہی محل کے دروازے کی جانب بڑھنے لگا۔ پولیس نے اسے گھیرے میں لیاتونامعلوم شخص نے چاقو کی نوک اپنی گردن پر رکھ لی اور پولیس کی طرف بڑھنے لگا ، جس پر ایک پولیس اہلکار نے اسے ٹریسر گن سے نشانہ بنایا۔ٹریسر گن سے نکلنے والی بجلی کاجھٹکالگنے سے ملزم زمین پر گر گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کوامن و امان میں خلل ڈالنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعے کے دوران بکنگھم پیلس میں ملکہ الزبتھ اور شہزادہ فلپ موجود تھے۔