04 فروری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے اور شفاف انتخابات کے مطالبات پر آج پارلیمنٹ کے سامنے مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کا دھرنا ہوگا۔ الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنا ہوگا، اس نعرے کے ساتھ مسلم لیگ ن کا آج پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا ہوگا، دن دو بجے ہونے والے اس دھرنے میں ن لیگ کی اتحادی جماعتیں بھی ساتھ دیں گی، الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانا اور بروقت اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو ممکن بنانا، اسی ایجنڈے کو لے کر جو جماعتیں ن لیگ کے ساتھ دھرنے میں شریک ہوں گی ان میں جمعیت علمائے پاکستان، سنی تحریک، جماعت اسلامی، مسلم لیگ فنکشنل، سندھ ترقی پسند پارٹی، عوامی تحریک، سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور نیشنل پیپلز پارٹی شامل ہیں۔